خیبرپختونخوا میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کےلیے ای رکشہ منصوبے کا آغاز

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے میں صاف، جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم کے فروغ کی جانب عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں ای-رکشہ منصوبے پر تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور کے وائس چانسلر، ان کی ٹیم اور ڈائریکٹر جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ اہم ملاقات کی۔

ڈاکٹر شفقت ایاز کا کہنا تھا کہ ای-رکشہ منصوبہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، عوامی ٹرانسپورٹ کی جدت اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے میں انقلابی کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ عمران خان کے صاف توانائی اور پائیدار ترقی کے وژن کی عملی تعبیر ہے۔

اجلاس کے دوران یو ای ٹی پشاور کی ٹیم نے ای-رکشہ کے ڈیزائن، بیٹری سسٹم، چارجنگ انفراسٹرکچر اور مقامی سطح پر تیاری سے متعلق متعدد تجاویز پیش کیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ منصوبہ مکمل طور پر مقامی وسائل کے ذریعے تیار کیا جائے تاکہ اخراجات میں کمی اور صوبے کی ٹیکنالوجیکل خودکفالت ممکن بنائی جا سکے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری اقدامات صوبے کی ترقی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔

ای-رکشہ نہ صرف ایک ماحول دوست سفری متبادل ہوگا بلکہ ہزاروں خاندانوں کے لیے روزگار کا ذریعہ بھی بنے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے پر جلد عملی کام شروع کر دیا جائے گاجس کے بعد خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بن جائے گا جہاں اتنے بڑے پیمانے پر ماحول دوست ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

Scroll to Top