ایوان میں ایک رکن بھی زیادہ ہوا تو خیبرپختونخوا حکومت گرادیں گے، گورنر

ایوان میں ایک رکن بھی زیادہ ہوا تو خیبرپختونخوا حکومت گرادیں گے، گورنر

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ اگر ایوان میں اتحادیوں کو ایک رکن کی بھی عددی برتری حاصل ہوئی تو خیبرپختونخوا کی حکومت کو گرا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت گرانے کی کوئی سازش نہیں ہو رہی، تاہم اختیار حاصل ہوتے ہی تبدیلی ممکن ہے۔

نجی ٹی وی چینل (آ ج نیوز )کے مطابق گورنر نے یہ بات بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے 282 ویں عرس کی تقریبات کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ سندھ کے وزیرِ ثقافت ذوالفقار شاہ بھی موجود تھے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا’’ہم کسی کی حکومت گرانے کے حق میں نہیں، لیکن اگر ایوان میں عددی برتری حاصل ہوئی تو کے پی حکومت تبدیل ہو سکتی ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ امن قائم کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، مگر جو افراد 9 مئی جیسے واقعات میں ملوث رہے، انہیں ہر صورت سزا ملنی چاہیے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے نو مئی کے واقعات پر پی ٹی آئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا’’کیا یادگارِ شہدا پر حملہ کرنے والے بھارت یا اسرائیل سے آئے تھے؟ جو لوگ ملوث ہیں، انہیں سزا ملنی چاہیے۔‘‘انہوں نے واضح کیا کہ عدالتوں سے ریلیف لینا الگ بات ہے، این آر او کسی کو نہیں ملے گا۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ’’ہم نے پہلے بھی وفاق سے ان کے لیڈروں کو اٹھا کر باہر پھینکا، اب اگر کے پی اسمبلی میں اکثریت حاصل ہوئی تو حکومت بدلنے میں دیر نہیں لگے گی۔‘‘

Scroll to Top