وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کے مالی اسکینڈل کا سراغ پرتگال میں لگ گیا،پنجاب کے عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ پہلے لندن اور اب پرتگال بھی منتقل کیا جا رہا ہے جس سے اہم شخصیات نے جائیدادیں خریدی ہیں۔
اپنے جاری بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ پرتگال اسکینڈل کی آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں،تحقیقات کے بعد پنجاب کے دس کھرب روپے پرتگال میں ہی برآمد ہوں گے۔
مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ جعلی حکومت نے صرف ڈھائی سال میں 78 سال کے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں،چچا وفاق میں اور بھتیجی پنجاب کے خزانے پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں اور عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔خواجہ آصف نے اپنے فرنٹ مین کو بچانے کے لیے استعفے کا شوشہ چھوڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن شریف خاندان کا وطیرہ بن چکا ہے، عوام کے ٹیکسوں کے پیسے باہر منتقل کرکے محلات بنائے گئے ہیں مگر انکا پیٹ بھرنے کا نام نہیں لے رہا۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ،سلارزو برآمدک میں امن کے حوالے سے قومی جرگہ
انہوں نے مذید کہاکہ عمران خان نے کرپشن کے پیسوں کی وصولی کرکے خزانے میں جمع کئے تھے جبکہ شریف خاندان کی حکومت خزانے کو لوٹ کر کرپشن کے نئے ریکارڈ بنارہے ہیں۔ جعلی حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں ہے، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں جبکہ جعلی حکمران عیاشیوں میں مصروف ہیں۔





