وفاقی وزیر اطلاعات نے اسد قیصر کی پریس کانفرنس کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن رہنما اسد قیصر کی حالیہ پریس کانفرنس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے غلط بیانی قوم کے مفاد میں نہیں اور اپوزیشن عوام کو دانستہ طور پر گمراہ کر رہی ہے۔

اپنے بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کیا اپوزیشن کو یہ بات قبول نہیں کہ ملک کی ترسیلات زر 38 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہیں؟

کیا وہ اس حقیقت سے بھی انکار کرتے ہیں کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر ہو چکا ہے، مہنگائی میں واضح کمی آ رہی ہے، برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے، اسٹاک مارکیٹ بلندی کی طرف گامزن ہے اور ملکی معیشت بحالی کی راہ پر ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کی معاشی درجہ بندی میں بہتری کی تصدیق کی ہے، لیکن اپوزیشن ان مثبت اشاروں کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا رویہ صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ اور عوامی شعور کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہمارا ایک ہی عزم، دہلی خالصتان کا حصہ بنے گا، گرپتونت سنگھ پنوں

9 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی، جس کے تحت ریاستی اداروں پر حملے کیے گئے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس جرم میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی گئی اور ان کے خلاف شفاف ٹرائل کے بعد فیصلے سنائے گئے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو اسی بات پر تکلیف ہے کہ سازشی عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا رہا ہے اور انہیں ان کے جرائم کی سزا مل رہی ہے۔

Scroll to Top