سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ دہلی خالصتان کا حصہ بنے گا اور سکھوں کو آزادی کی تحریک کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ 17 اگست کو امریکا میں دہلی بنے گا خالصتان کے عنوان سے ریفرنڈم منعقد کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا واحد عزم ہے کہ دہلی خالصتان کا حصہ بنے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے پاکستان پر حملہ کر کے خواتین اور بچوں کو شہید کیا، انہوں نے کہا کہ سکھ قوم پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ بھارت کا مقابلہ کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا وائٹ ہاؤس میں بطور مہمان جانا پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ کہ کینیڈا کے وزیراعظم نے بھارت کو عالمی سطح پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حالیہ بھارتی جارحیت نے خطے کو خطرناک جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا، فیلڈ مارشل
گرپتونت سنگھ پنوں نےمزید کہا کہ ہماچل پردیش، ہریانہ، راجھستان، اتر پردیش کے کچھ حصے اور دہلی خالصتان کا حصہ ہوں گے، بھارتی حکومت سکھ برادری پر مسلسل پابندیاں عائد کر رہی ہے جس کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔





