اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ماضی کی غلطیوں کا اعتراف اور ان پر معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ ان غلطیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ہم نیوزکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے مکمل اختیار دے دیا جاتا، تو وہ ماضی میں پارٹی کی جانب سے کی گئی تمام سیاسی اور حکومتی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگتے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت، بالخصوص نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاریاں نہ صرف سیاسی بلکہ اخلاقی اور قانونی طور پر بھی سنگین غلطی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی کارروائیاں نہ صرف انصاف کے تقاضوں کے منافی تھیں بلکہ جمہوری اقدار کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔
شیر افضل مروت نے اعتراف کیا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے بھی متعدد سنگین غلطیاں کیں، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایک غلطی کا جواب دوسری غلطی سے دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں کرفیو میں مزید 24 گھنٹوں کی توسیع، اہم سڑکیں اور تجارتی مراکز بند رہیں گے
اگر انہیں اختیار حاصل ہوتا تو وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی گرفتاریوں پر بھی معذرت کرتے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنی ماضی کی پالیسیوں پر نظرِ ثانی کریں اور سیاسی انتقام کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دیں۔





