فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کا وہ عظیم بیٹا ہے، جس کی حکمت عملی کی تعریف دشمن بھی کرتے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور قومی اسٹیک ہولڈرز پاکستان کے مفاد میں متحد ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، ، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری قیادت، وفاقی وزرا، دوست ممالک کے سفرا، ارکان اسمبلی سمیت شہریوں کی بڑی نے شرکت کی ۔۔

وزیراعظم نے “میثاقِ استحکام پاکستان” کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف معاشی اصلاحات کا خاکہ نہیںبلکہ وسیع تر قومی مفاد کا ایک وژن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اختلافات اپنی جگہ، لیکن جب بات پاکستان کی ہو تو ہم ایک ہیں۔

وزیراعظم نے تمام سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مفادات اور تقسیم سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کیلئے اس میثاق کا حصہ بنیں۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے قوم کو آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور شہداء کی قربانیوں کے طفیل ہمیں یہ دن دیکھنا نصیب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ یہ آزادی صرف جغرافیائی نہیں بلکہ نظریاتی بنیادوں پر حاصل کی گئی، جس کا محور دو قومی نظریہ تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کی لیکن قوم نے 10 مئی 2025 کو دشمن کو بھرپور جواب دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج دشمن ہماری عسکری حکمت عملی اور عزم کا اعتراف کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی ساتویں اور اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے، جو صرف دفاعی مقاصد کے لیے حاصل کی گئی۔ نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کر کے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا اور بیرونی دباؤ کو یکسر مسترد کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا ہاؤس مردان میں معرکۂ حق اور جشنِ آزادی کی تقریبات، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی، اور انہی پالیسیوں کی بدولت آج معیشت دیوالیہ ہونے سے بچ گئی ہے۔ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 5 فیصد پر آ چکی ہے اور شرح سود 11 فیصد کی سطح تک آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے، عالمی ادارے بھی ہمارے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں، اور ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹل اصلاحات، ٹیکس نیٹ میں توسیع، اور سرکاری اداروں کی نجکاری حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

وزیراعظم نے کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور کشمیر کی وادی آج بھی بے گناہوں کے خون سے سرخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، جن میں پاک فوج، پولیس، سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اور شہری شامل ہیں۔ اب کسی نئے فتنے کو جنم لینے نہیں دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے مگر جلاؤ گھیراؤ اور ریاستی اداروں پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔

آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ہم بطور قوم ترقی، اتحاد اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھیں، کیونکہ یہی ہمارے شہداء اور بزرگوں کی قربانیوں کا تقاضا ہے۔

Scroll to Top