پشاور : عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 17 اگست کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے لیے اہم سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیز کر دیے ہیں اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
صدر اے این پی سینیٹر ایمل ولی خان نے جمیعت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین محسن داوڑ اور قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کو باضابطہ طور پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے مختلف رہنماؤں سے ان کی رہائش گاہوں پر ملاقاتیں کر کے انہیں کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور اس موقع پر ملکی سلامتی اور پختونخوا و بلوچستان میں جاری دہشت گردی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
صدر اے این پی کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس قومی امن جرگہ اور پختونخوا و بلوچستان میں منعقدہ سابقہ اے پی سی کے نکات پر تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کی ایک اہم کوشش ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کی ماسٹرز ڈگری ہولڈر اقراء شاہ نے فٹ پاتھ پر بریانی بیچنے کا ایسا راز بتایا کہ ہر کوئی دنگ رہ گیا
انہوں نے کہا کہ پختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کی آگ میں جل رہے ہیں، اور اگر اس کا بروقت سدباب نہ کیا گیا تو عوام کا صبر جواب دے سکتا ہے، اس لیے سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا۔





