خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو روز کے دوران پیش آنے والے المناک واقعات ،تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں ہلاکت خیز سیلاب اور ریسکیو مشن کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر کے حادثہ کے بعد صوبائی حکومت نے کل صوبہ بھر میں یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل پھٹنے اور شدید بارشوں نے قیامت برپا کر دی۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 150 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بونیر، کاشف قیوم نے بتایا کہ صرف بونیر میں سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر 78 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقے پہاڑی اور دور افتادہ دیہات بتائے جا رہے ہیں، جہاں ریسکیو ٹیموں کو رسائی میں مشکلات درپیش ہیں۔
نیشنل اور پراوِنشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (NDMA اور PDMA) کے مطابق خیبرپختونخوا کے 7 اضلاع باجوڑ، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، سوات، بونیر اور شانگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ، آسمانی بجلی اور شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 146 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے۔ کئی مکانات مکمل یا جزوی طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔
اسی سیلابی صورتحال کے دوران آج ایک اور سانحہ پیش آیا جب باجوڑ میں متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والا خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر ایم آئی 17 ضلع مہمند میں گر کر تباہ ہو گیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار دو پائلٹس سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر ضلع مہمند میں گر کر تباہ، 5 افراد شہید
ریسکیو آپریشنز کے دوران پیش آنے والے اس حادثے پر وزیراعلیٰ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہمارے اصل ہیرو ہیںجنہوں نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔





