پشاور: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کے بعد متاثرہ عوام کی فوری بحالی سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں تعینات پاک فوج کے دستے متاثرین کی امداد اور بحالی کے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر اپنی ایک دن کی تنخواہ اور ایک دن کا راشن عطیہ کر دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کا یومیہ راشن تقریباً 600 ٹن سے زائد ہے، جو اب متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کے لیے اضافی فوجی دستے روانہ کر دیے گئے ہیں، جب کہ آرمی کی خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے اور فوری طبی امداد فراہم کرنے کا عمل مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے حوالے سے خصوصی ہدایات
مزید برآں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز اور آرمی ایوی ایشن یونٹس پہلے ہی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل ہیں، جہاں خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج مشکل کی ہر گھڑی میں خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔عوامی حلقوں نے بھی پاک فوج کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کا یہ جذبہ قومی یکجہتی اور انسانیت کی بہترین مثال ہے۔





