خیبرپختونخوا تنہا نہیں، پنجاب شانہ بشانہ کھڑا ہے، مریم نواز کا خیبرپختونخوا سے اظہار یکجہتی، تعاون کی یقین دہانی

خیبرپختونخوا تنہا نہیں، پنجاب شانہ بشانہ کھڑا ہے، مریم نواز کا خیبرپختونخوا سے اظہار یکجہتی، تعاون کی یقین دہانی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے لیے وقف ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ٹیلی فون کیا اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور ریسکیو ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے اہلکاروں پر بھی دلی تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے اور جلد از جلد ریلیف اور بحالی کے اقدامات میں تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جانب سے بھی خیبرپختونخوا کے عوام سے اظہار افسوس اور شہادتوں پر تعزیت کا پیغام پہنچایا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ پنجاب کے رابطے اور ہمدردی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس جذبۂ یکجہتی نے خیبرپختونخوا کے عوام کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر بھی شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top