پی ڈی ایم اے نے پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصان کے اعداد و شمار جاری کردیے

پی ڈی ایم اے نے پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصان کے اعداد و شمار جاری کردیے

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونیوالے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 210 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 184 مرد، 14 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں۔ مزید 21 افراد زخمی ہوئے، جن میں 18 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق 68 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 61 گھروں کو جزوی اور 7 گھروں کو مکمل تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام شامل ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق حکومت نے فوری امدادی اقدامات کے تحت متاثرہ اضلاع کے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔ امداد کی تقسیم کچھ یوں کی گئی ہے،بونیر 15 کروڑ روپے،باجوڑ، بٹگرام، مانسہرہ، فی ضلع 10 کروڑ روپےسوات، 5 کروڑ روپے11 اضلاع متاثر، 3817 افراد براہِ راست متاثر

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کے مطابق صوبے کے 11 اضلاع حالیہ بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک 3817 افراد براہِ راست متاثر ہوئے ہیں جبکہ 32 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

امدادی سرگرمیوں میں 545 ریسکیو اہلکار، 90 گاڑیاں اور کشتیاں حصہ لے رہی ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری مدد پہنچائی جا سکے۔سب سے زیادہ جانی نقصان بونیر میںہوا ہے

بیرسٹر سیف نے بتایا کہ،بونیر میں 159 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 100 افراد کو زندہ بچایا گیا۔باجوڑ میں 20 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص لاپتا ہے۔بٹگرام میں 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ 10 افراد تاحال لاپتا ہیں۔حکام کے مطابق امدادی اور بحالی کے کام جاری ہیں جبکہ مزید ممکنہ بارشوں کے پیش نظر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔

Scroll to Top