کے پی میں تعینات فوج سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کریگی، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں تعینات پاک فوج کے دستے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی میں بھرپور کردار ادا کریں گے، اور اس حوالے سے خصوصی احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل نے ہدایت دی ہے کہ نہ صرف تعینات دستے فوری طور پر امدادی سرگرمیاں تیز کریں، بلکہ اضافی فوجی دستے بھی متاثرہ علاقوں میں بھیجے جائیں تاکہ امدادی عمل میں تیزی لائی جا سکے۔

پاک فوج نے یکجہتی کے طور پر ایک دن کی تنخواہ خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وقف کر دی ہے، جبکہ فوجی راشن کا ایک دن کا ذخیرہ، جو تقریباً 600 ٹن سے زائد ہے، بھی متاثرہ عوام کو فراہم کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل نے کور آف انجینئرز کو ہدایت دی ہے کہ پلوں کی مرمت کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور جہاں مستقل پل موجود نہیں، وہاں عارضی پل قائم کیے جائیں تاکہ عوام کی آمد و رفت بحال ہو سکے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج کے نائن یونٹ کے سنیفنگ ڈاگ ریسکیو یونٹ کو بھی متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی فیلڈ مارشل کی ہدایت پر فعال کر دی گئی ہے۔

پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز اور آرمی ایوی ایشن یونٹس پہلے سے ہی خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ فوجی ترجمان کے مطابق پاک فوج ہر مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کے بہادر عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

حکومتی ادارے اور فوجی یونٹس قریبی رابطے میں کام کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں نہ صرف ریسکیو اور ریلیف فراہم کیا جا سکے، بلکہ جلد از جلد بحالی کا عمل بھی مکمل کیا جائے۔

Scroll to Top