پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیلاب اور قدرتی آفات کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دُکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں خیبر پختونخوا کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیلاب سے ہونے والا جانی نقصان ایک دلخراش اور افسوسناک سانحہ ہے۔ انہوں نے متاثرین کے لیے دعائے صحت اور مغفرت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحتیابی دے اور شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں بڑی تعداد میں جان و مال کا نقصان ہوا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں اب تک 321 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)، پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ خاص طور پر بونیر ضلع میں جاں بحق افراد کی تعداد 184 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 23 افراد زخمی ہیں جن میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔





