وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سوات میں آنے والے سیلاب کے دوران جانیں بچانے والے نوجوان رضاکار محمد ہلال اور عصمت علی کو 10،10 لاکھ روپے کا مالی انعام دیا گیا ہے۔ یہ چیک وفاقی وزیر و صدر پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے معزز رضاکاروں کو پیش کیے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ محمد ہلال اور عصمت علی نے اپنی بہادری اور بروقت امدادی کارروائیوں سے سیلاب زدگان کی زندگیوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے اقدام انسانیت اور حب الوطنی کی بہترین مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی مدد کرتے ہوئے قوم کے لیے امید کی کرن ثابت ہوئے ہیں۔
امیر مقام نے حکومت کی جانب سے ایسے افراد کو تسلیم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے عزم کا اظہار کیا جو مشکل وقت میں قوم کی خدمت میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ انہوں نے تمام رضاکاروں اور امدادی کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سیلاب کی صورتحال میں اپنی خدمات پیش کیں۔
محمد ہلال اور عصمت علی نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی ہر موقع پر قوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر محمد علی شاہ بھی موجود تھے۔





