کوہستان میگا کرپشن کیس: گرفتار سینئر آڈیٹر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

 پشاور : خصوصی احتساب عدالت نے کوہستان کے اربوں روپے کے کرپشن اسکینڈل میں ملوث اکاؤنٹ جنرل آفس کے سینئر آڈیٹر رادی اللہ کو تفتیش مکمل ہونے پر 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کے احکامات جاری کر دیے۔

احتساب عدالت کے جج محمد ظفر خان کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی حکام نے ملزم کو پیش کیا۔

عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ رادی اللہ اکاؤنٹ جنرل آفس میں سینئر آڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور ان کے زیرِ ملکیت منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے سامنے آئے ہیں۔تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے بینک اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی مشکوک مالی لین دین ہوئی ہے، جس پر مزید تفتیش کی گئی۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تمام ضروری تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، لہٰذا اب مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم جاری کیا۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان لوئر ،مغوی قبائلی رہنما جرگے کی کوششوں سے بازیاب

واضح رہے کہ اپر کوہستان کے اس بڑے مالیاتی اسکینڈل میں مبینہ طور پر ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی خزانے سے 40 ارب روپے سے زائد رقم نکالی گئی۔ کیس میں سی اینڈ ڈبلیو، اکاؤنٹس آفس، نیشنل بینک داسو کے ملازمین، نجی ٹھیکیدار اور تعمیراتی کمپنیوں کے افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top