گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سیاست سے بالاتر ہوکر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران مانسہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ وقت ریلیف اور ریسکیو کا ہے، سیاست کا نہیں، میرے پاس بھی چارج شیٹ ہے مگر اس وقت ترجیح متاثرین کی مدد ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی جیسی صورتحال ہے، وفاق، صوبائی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر متاثرین کی بحالی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں برتے گی، ہم خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت بھی کریں گے اور ان کی حفاظت بھی ہماری ذمہ داری ہے۔
گورنر نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت سفارش کرے کہ مالاکنڈ ڈویژن کو بھی آفت زدہ قرار دیا جائے تاکہ وہاں کے متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال پر گورنر اور وزیراعلیٰ سے رابطہ، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یقین دہانی کرائی کہ سیاست سے بالاتر ہوکر وہ صوبائی حکومت کی مکمل سپورٹ کریں گے اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔





