خیبرپختونخوا میں تباہ کن بارشیں اور سیلاب، اموات 300 سے تجاوز کر گئیں

خیبرپختونخوا میں تباہ کن بارشیں اور سیلاب، اموات 300 سے تجاوز کر گئیں

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے مختلف حادثات میں اب تک 313 افراد جاں بحق اور 156 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جاں بحق افراد میں 263 مرد، 29 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں، زخمیوں میں 123 مرد، 23 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں صوبے بھر میں مجموعی طور پر 159 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں 97 مکانات کو جزوی نقصان ہوا جبکہ 62 گھر مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔

سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر ہے جہاں اب تک 208 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، ان حادثات کا دائرہ کار سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام تک پھیلا ہوا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے آئندہ دنوں میں مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 17 سے 19 اگست کے دوران تیز بارشوں کا امکان ہے، موجودہ بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

 صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں، تمام متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی امدادی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ مکمل رابطے میں ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کے لیے غیر خوراکی اشیاء اور فوڈ آئٹمز فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یہ وقت سیاست کا نہیں، متحد ہوکر متاثرین کی مدد کا ہے، گورنر خیبرپختونخوا

تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بند شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

Scroll to Top