سیلاب متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، جلد خیبرپختونخوا آؤں گا، گورنر سندھ

سیلاب متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، جلد خیبرپختونخوا آؤں گا، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد خیبرپختونخوا کا دورہ کریں گے تاکہ سیلاب متاثرین اور صوبائی حکومت کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا جا سکے۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ’’مشکل کی اس گھڑی میں ہم خیبرپختونخوا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے ہونے والی سیکڑوں قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کی تباہی پر دل بہت رنجیدہ ہے، اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کو مل کر فوری بحالی کے اقدامات کرنے چاہییں۔

کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بھی خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ممکنہ معاونت کے لیے تیار ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے، جہاں کئی علاقے تاحال ریسکیو اور ریلیف کے منتظر ہیں۔

Scroll to Top