پاک چین سفارتی تعلقات میں تیزی، وانگ یی 21 اگست کو پاکستان آئینگے، اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

پاک چین سفارتی تعلقات میں تیزی، وانگ یی 21 اگست کو پاکستان آئینگے، اہم ملاقاتوں کا شیڈول تیار

پاک چین تعلقات میں ایک نئی جہت کی جانب پیش رفت جاری ہے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی 21 اگست کو دو روزہ اہم دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ اس دورے کے دوران وہ پاکستان کی اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، اسٹریٹجک تعاون اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق وانگ یی اس وقت بھارت کے دورے پر ہیں اور وہاں سے واپسی پر وہ براہ راست اسلام آباد آئیں گے۔ ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ جنگ اور ایران اسرائیل تنازعے نے خطے کی سلامتی پر گہرے اثرات ڈالے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں پاکستان کی فتح میں چین کی سفارتی و اسٹریٹجک حمایت نے کلیدی کردار ادا کیا۔ چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک اس بات کا جائزہ لیں گے کہ موجودہ جغرافیائی اور سیاسی صورتحال میں باہمی تعاون کو کس طرح مزید گہرا اور موثر بنایا جا سکتا ہے۔

چینی وزیر خارجہ کے اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر بھی مشاورت ہوگی۔ شہباز شریف اسی ماہ کے اختتام پر شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین روانہ ہوں گے، جہاں وہ چینی قیادت کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار 23 اگست کو بنگلا دیش کے دورے پر جا رہے ہیں۔ ان کا یہ دورہ علاقائی کشیدگی کے باعث دو بار ملتوی ہو چکا تھا۔ ڈھاکہ میں وہ بنگلا دیشی ہم منصب اور عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس ہفتے وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی ڈھاکہ روانہ ہو رہے ہیں، جبکہ ستمبر میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے دورہ ڈھاکہ کی بھی توقع کی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی جہت ملنے کی امید ہے۔

Scroll to Top