وفاق خیبرپختونخوا میں امداد فراہم کر رہا ہے، بعض صوبائی وزراء کے بیانات افسوسناک ہیں،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلسل امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم بعض صوبائی وزراء کے غیر ذمہ دارانہ بیانات افسوسناک اور زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔

نجی ٹی وی چینل(جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلابی صورتحال کے باعث خیبرپختونخوا میں جو جانی و مالی نقصان ہوا، وہ قومی سانحہ ہے اور اس موقع پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے۔

’’وفاقی حکومت کی جانب سے متاثرہ اضلاع میں ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے، بیرسٹر سیف خود فیلڈ میں جا کر وفاق کی سپورٹ ملاحظہ کریں۔‘‘

عطا تارڑ نے 27ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے افواہوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ’’وفاق کے زیر غور ایسا کوئی مسودہ یا تجویز موجود نہیں، یہ سب محض سیاسی بیانیے کا حصہ ہیں۔‘‘

انہوں نے واضح کیا کہ وفاق کی طرف سے چلنے والے تمام سرکاری اشتہارات میں بانی پاکستان محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی تصاویر شامل تھیں۔’’صرف ایک اخباری اشتہار کو بنیاد بنا کر سیاست کی گئی، حالانکہ خیبرپختونخوا حکومت کی اپنی مہم میں بھی بانیانِ پاکستان کی تصاویر شامل نہیں تھیں، لیکن ہم نے اس پر سیاست نہیں کی۔‘‘

واضح رہے کہ حالیہ بارشوں، بادل پھٹنے (Cloudbursts) اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 328 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کا کام تاحال جاری ہے۔عطا تارڑ نے زور دیا کہ اس وقت ملک کو اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے، نہ کہ سیاسی تناؤ کی۔

’’ہم سب کو مل کر متاثرین کی بحالی اور مدد پر توجہ دینی چاہیے، نہ کہ ایک دوسرے پر الزامات لگا کر حالات کو مزید الجھایا جائے‘‘

Scroll to Top