سیلاب متاثرین کا دکھ ہمارا مشترکہ دکھ ہے، دل سے مدد کریں،مولانا طارق جمیل کی ہمدردانہ اپیل

سیلاب متاثرین کا دکھ ہمارا مشترکہ دکھ ہے، دل سے مدد کریں،مولانا طارق جمیل کی ہمدردانہ اپیل

ممتاز مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل نے خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے قوم سے دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی تکلیف ہمارا اجتماعی دکھ ہے، اور اس کٹھن وقت میں ہمیں ان کا سہارا بننا چاہیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آنیوالے سیلاب نے بڑی تباہی مچائی ہے، اور بے شمار افراد بے گھر اور بے سروسامان ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں مصیبت میں گھرے افراد کی مدد کا درس دیتا ہے، اور اگر ہم اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں تو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا’’زندگی ایک امانت ہے، ہمیں اس کی قدر کرتے ہوئے اپنی آخرت کی تیاری کرنی چاہیے۔‘‘

مولانا طارق جمیل نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں یہ ایک طاقتور ذریعہ ہے جسے اگر درست طور پر استعمال کیا جائے تو معاشرے میں شعور، خیر اور اصلاح کا پیغام عام کیا جا سکتا ہے۔

مولانا کا کہنا تھا کہ ہمیں اسلامی اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ یہی وہ راستہ ہے جو انسان کو دنیا میں سکون اور آخرت میں نجات دلا سکتا ہے۔

Scroll to Top