کیرنز :جنوبی افریقا نے تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 98 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ اسپنر کیشو مہاراج نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر مہمان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز اسکور کیے۔
جنوبی افریقی اننگز میں ایڈن مارکرام نے شاندار 82 رنز بنائے، جب کہ ٹمبا باووما نے 65 اور میتھیو بریٹز نے 57 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 4، بین ڈوریشس نے 2 اور ایڈم زیمپا نے 1 وکٹ حاصل کی۔
296 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے تیز آغاز کیا، تاہم 60 کے مجموعے پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ لائن کیشو مہاراج کی گھومتی گیندوں کے سامنے بے بس نظر آئی۔ کپتان مچل مارش نے 88 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، لیکن دیگر بلے باز بڑی شراکت قائم نہ کر سکے۔
بین ڈوریشس نے 33، ٹریوس ہیڈ نے 27 اور نیتھن ایلس نے 14 رنز بنائے، باقی بلے باز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
کیشو مہاراج نے 33 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ناندرے برگر اور لنگی نگیدی نے دو، دو اور سبرائین نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 39ویں اوور میں 198 رنز پر آل آؤٹ کر دیا، اور میچ میں 98 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آئندہ ہفتے کیرنز میں ہی کھیلا جائے گا، جہاں آسٹریلیا کو سیریز برابر رکھنے کے لیے لازمی فتح درکار ہوگی۔





