پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت نے اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی ہے جس میں انہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اہم پیغام اور فیصلہ پہنچا دیا گیا۔ ملاقات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی سے متعلق بانی کا مؤقف واضح طور پر بیان کیا گیا۔
ذرائع اپوزیشن کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے محمود اچکزئی کو بتایا کہ عمران خان نے اپوزیشن لیڈر کے لیے انہی کو نامزد کیا ہے اور اس فیصلے پر پارٹی میں مکمل اتفاق ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ حتمی ہے، علی محمد خان اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ’’اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کا فیصلہ حتمی ہے۔ ہماری پہلی کوشش یہی ہے کہ عمر ایوب اور شبلی فراز کو عدالتی ریلیف کا فائدہ دیا جائے، لیکن اگر وہ واپس نہیں آتے تو ان کی جگہ متبادل افراد کی نامزدگی کی جائے گی۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود خان اچکزئی جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے سینیٹر اعظم خان سواتی کو نامزد کیا تھا۔پارٹی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اپوزیشن اتحاد کو مستحکم کرنے اور پارلیمنٹ میں مؤثر نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔





