پاکستان اور چین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور ہر سطح پر تعاون بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ممالک نے ایک بار پھر اپنی ’’آہنی برادری‘‘ ہونے کا اعادہ کرتے ہوئے خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
یہ اعلان وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس میں انہوں نے دوطرفہ دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کی سطح کو بڑھانے کے لیے سی پیک کے دوسرے مرحلے، عوامی رابطوں اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
’’ہم خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں، اور پاکستان کی سالمیت و علاقائی تحفظ کے لیے چین کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ چین ہماری خارجہ پالیسی میں کلیدی شراکت دار ہے۔‘‘
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ پاکستان اور چین دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
وانگ ژی نے مزید کہا’’ہم نے باہمی اعتماد کو برقرار رکھنے اور صنعت، زراعت، اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ہماری تزویراتی شراکت داری مضبوط ہو رہی ہے اور ہم علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ ہدف کی طرف گامزن ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے میدان میں بھی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا اور چین پاکستان کو اپنا قابل اعتماد دوست سمجھتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے چین کے دورے کی بھی چین میں شدت سے توقع کی جا رہی ہے۔





