ریکوڈک تانبے سونے کی کان کنی کیلئے مثبت خبر آگئی

تانبے اور سونے کی سب سے بڑی کان ریکوڈک، پاکستان کو بڑی خوشخبری مل گئی

پاکستان میں تانبے اور سونے کی سب سے بڑی کان ریکوڈک منصوبے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے منصوبے کی مالی معاونت کے لیے ایک جامع فنانسنگ پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے ریکوڈک مائننگ کمپنی کو 30 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ حکومتِ بلوچستان کے حصے کے لیے 11 کروڑ ڈالر کی جزوی کریڈٹ گارنٹی بھی اس پیکج میں شامل ہے۔

منصوبہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں سے ایک ہوگا جو عالمی سطح پر اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق یہ سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت میں تبدیلی، روزگار کے نئے مواقع اور غربت میں کمی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

اعلامیے کے مطابق ریکوڈک دنیا کی پانچویں سب سے بڑی تانبے کی کان ہے، پہلے مرحلے میں اس کان سے سالانہ اوسطاً 8 لاکھ ٹن تانبہ نکالنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تانبہ نہ صرف ایک قیمتی معدنیات ہے بلکہ توانائی کی منتقلی، ڈیجیٹل ترقی اور قابلِ تجدید ٹیکنالوجیز کے لیے بھی ایک بنیادی عنصر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹیٹ آئل میں اربوں روپے کے مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف

یہ معدنیات برقی گاڑیوں، بیٹریوں، اسمارٹ فونز، اور ڈیٹا سینٹرز کی عالمی پیداوار میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

Scroll to Top