مہمند: ضلع مہمند کے حلیم زئی علاقے سمال ڈیم غلنئی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں 18 سالہ نصیر خان، جو تحصیل حلیم زئی یوسف خیل کا رہائشی ہے، پانی میں ڈوب گیا۔
واقعے کی اطلاع ریسکیو 1122 مہمند کنٹرول روم کو موصول ہوتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر خالق داد کی ہدایت پر واٹر ریسکیو اور غوطہ خور ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور اب تک تلاش کا عمل جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جدید آلات اور ماہر غوطہ خوروں کی مدد سے نصیر خان کی بازیابی کے لیے مصروف عمل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مردان کا ہنستا بستا ٹی ایم اے اہلکار بونیر میں دوسروں کی جان بچانے گیا مگر خود جان کی بازی ہار گیا
ریسکیو 1122 مہمند کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیمز اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری طور پر جانے سے گریز کریں اور حفاظتی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
ریسکیو ٹیم کی کوششیں جاری ہیں اور مزید معلومات موصول ہوتے ہی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔





