بونیر: ٹی ایم اے کاٹلنگ کا شاول ڈرائیور محمد ایاز سیلاب متاثرہ علاقے ملک پور (بونیر) میں روڈ کلیئرنگ ڈیوٹی کے دوران جامِ شہادت نوش کر گیا۔
سینئر صحافی بشیر خان عادل کے مطابق بدھ کی شام محمد ایاز شدید متاثرہ علاقے میں راستہ بحال کرنے کے لیے ایک بھاری پتھر کو ہٹانے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران شاول بے قابو ہو کر الٹ گیا، اور محمد ایاز اس کے نیچے دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
شہید اہلکار کو جمعرات کی رات ان کے آبائی گاؤں پاتوڑک میں سپرد خاک کیا گیا۔ تدفین کے موقع پر علاقے کی فضا سوگوار رہی اور اہل علاقہ، ساتھی اہلکاروں اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
محمد ایاز کے ساتھیوں کے مطابق وہ انتہائی بے لوث جذبے، ایمانداری اور لگن کے ساتھ اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ اسے صرف ایک ماہ قبل یعنی 20 جولائی 2025 کو ٹی ایم اے کاٹلنگ میں ڈیلی ویجز پر ملازمت ملی تھی، لیکن اس نے ابھی اپنی پہلی تنخواہ بھی وصول نہیں کی تھی کہ فرض کی راہ میں جان دے دی۔
محمد ایاز اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا، اور اپنے پیچھے ایک بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا سوگوار چھوڑ گیا ہے۔ اس کی ناگہانی موت نے پورے خاندان کو غم کی گہرائی میں ڈوبا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ کا سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بڑا فیصلہ
علاقہ مکینوں، ساتھیوں اور سوشل ورکرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد ایاز کو شہید کا درجہ دیا جائےشہید پیکج فوری طور پر اس کے خاندان کو دیا جائے،اس کی بے مثال قربانی اور فرض شناسی کو دیکھتے ہوئے اسے تمغہ جرات سے نوازا جائے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ محمد ایاز جیسے لوگ قوم کا فخر ہیں، جنہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی مدد کو اپنا فرض سمجھا۔





