تحریک انصاف عوامی حمایت سے نہیں، سرکاری وسائل سے اقتدار چاہتی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عوامی حمایت کے بجائے سرکاری مشینری کے بل بوتے پر انتخابات جیتنے کے خواہش مند ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف خیبر پختونخوا میں انتخابات لڑنے کو تیار ہے کیونکہ وہاں ان کی اپنی حکومت ہے اور وہ اپنی مرضی کا نتیجہ حاصل کر سکتے ہیں۔

تاہم پنجاب میں وہ الیکشن سے راہِ فرار اختیار کر رہے ہیں کیونکہ وہاں عوامی طاقت کے سامنے ان کی شکست یقینی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف وہاں انتخابات لڑنے پر آمادہ ہوتی ہے جہاں کرسی اور حکومت ان کے پاس ہو، لیکن جہاں عوام کو فیصلہ کرنا ہو، وہاں بائیکاٹ کی راہ اپناتے ہیں۔

ان کے مطابق خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف دھاندلی کے سہارے کھڑی ہے جبکہ پنجاب میں عوامی فیصلے کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتی۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ اپنی مرضی کا کھیل ہے۔ جہاں جیت کا یقین ہو، وہاں الیکشن میں حصہ لیتے ہیں، اور جہاں شکست کا اندیشہ ہو، وہاں بائیکاٹ کر دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت کی جانب سے دریاؤں میں پانی چھوڑنے پر پاکستان میں سیلابی صورتحال، درجنوں دیہات زیر آب

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو عوام کا اعتماد حاصل نہیں، بلکہ وہ سرکاری وسائل سے الیکشن جیتنے کی خواہشمند ہے۔

وفاقی وزیر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں شکست کا ڈر اور خیبر پختونخوا میں دھاندلی کا سہارا لینا تحریک انصاف کی اصل سیاست ہے، جسے انہوں نے ٹوٹل دو نمبری قرار دیا۔

Scroll to Top