نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز آج دوپہر ساڑھے 12 بجے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اس اقدام سے ڈیم میں جمع ہونے والے اضافی پانی کا اخراج ممکن بنایا جائے گا، جبکہ پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے سندھ کے ملحقہ اور نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے پرہیز کریں۔
متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیموں اور مقامی حکومتوں کو صورت حال سے پیشگی آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔
این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو اور اپنے خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کریں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔





