خیبرپختونخوا حکومت کا ریلیف آپریشن جاری، سیلاب متاثرین میں کروڑوں روپے کے چیکس تقسیم

خیبرپختونخوا حکومت کا ریلیف آپریشن جاری، سیلاب متاثرین میں کروڑوں روپے کے چیکس تقسیم

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبے میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور حکومت کی کوشش ہے کہ تمام متاثرین کو بروقت اور مکمل معاوضہ ادا کیا جائے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر ریلیف کا عمل ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اب تک 332 شہداء کے لواحقین میں 664 ملین روپے کے چیکس تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن میں سے صرف ضلع بونیر کے 171 شہداء کے خاندانوں کو 342 ملین روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

مشیر اطلاعات کے مطابق سیلاب میں زخمی ہونے والے افراد میں بھی اب تک 19.5 ملین روپے کے چیکس تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ علاوہ ازیں، مکمل طور پر تباہ شدہ گھروں کے مالکان کو 58 ملین روپے جبکہ جزوی متاثرہ 39 گھروں کے لیے 14.5 ملین روپے کے چیکس جاری کیے گئے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ حکومت نے ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے بھی متاثرہ افراد کی مدد کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس کے تحت اہل افراد کو 15 ہزار روپے کے فوڈ اسٹامپ دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام شفافیت اور فوری امداد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے زور دے کر کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ریلیف کے ہر مرحلے کی نگرانی خود وزیراعلیٰ کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ’’تمام متاثرہ افراد کو ان کا حق ملے گا، اور کسی کو بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔‘‘

Scroll to Top