مہنگائی کا ایک اور وار! گندم کی قیمت فی من 3200 روپے، آٹا مزید مہنگا

ملک بھر میں مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور بڑا جھٹکا لگ گیا، گندم کی قیمت میں تیزی سے اضافے کے بعد آٹا بھی مزید مہنگا ہو گیا ہے۔ گندم کی قیمت فی من 3200 روپے تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور میں اگست کے آغاز پر آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا 1400 روپے میں دستیاب تھا، جو اب 1700 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح چکی کا آٹا بھی 130 روپے فی کلو سے بڑھ کر 135 روپے فی کلو ہو چکا ہے۔

بلوچستان میں گندم کی 100 کلوگرام بوری کی قیمت میں 2000 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 9000 روپے ہو گئی ہے۔ پنجاب میں بھی فلور ملز کا آٹا مہنگا ہو چکا ہے اور 100 کلو بوری کی قیمت 6900 روپے سے بڑھ کر 8900 روپے تک جا پہنچی ہے۔

پشاور میں آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 550 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اور اب یہ 1850 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے، اور عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نہ تو کوئی ریلیف دیا جا رہا ہے اور نہ ہی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top