مشکل وقت میں یکجہتی! ایرانی صدر کا وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

مشکل وقت میں یکجہتی! ایرانی صدر کا وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں پاکستان میں حالیہ سیلابی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر نے پاکستان کے مختلف حصوں میں آنیوالے سیلاب پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران مشکل کی اس گھڑی میں اپنے برادر ملک پاکستان کیساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کی جانب سے یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت، خصوصاً سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے باہمی تعاون کو فروغ دینے، عوامی روابط بڑھانے اور اقتصادی شراکت داری کو وسعت دینے پر بھی زور دیا۔

ٹیلیفونک رابطے میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے آئندہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ممکنہ ملاقات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق، دونوں رہنما اس بات پر متفق تھے کہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے پاکستان اور ایران کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

Scroll to Top