وزیراعظم شہباز شریف 4 ستمبر تک چین کے اہم دورے پر روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم کی چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں پاک چین دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ میں شرکت کریں گے، جس میں چینی صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنما بھی موجود ہوں گے۔ اس پریڈ میں پاکستان کی شرکت علاقائی سلامتی اور دوستی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے بھی ملاقات کریں گے جہاں تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم بیجنگ میں پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے جس کا مقصد دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان قیادت کی سطح پر جاری تبادلے اور تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ دونوں ممالک اپنے بنیادی مفادات کے تحفظ اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ اس دورے میں خاص طور پر سی پیک کے دوسرے مرحلے کی پیشرفت اور اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی بات ہوگی۔





