پشاور: سیلاب زدگان کیلئے چیریٹی میچ، زلمی کی لیجنڈز الیون کو 6 رنز سے شکست

پشاورمیں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فنڈز اکھٹے کرنے کے لیے نمائشی کرکٹ میچ کا انعقاد، پشاور زلمی نے لیجنڈز الیون کو 6 رنز سے ہرا دیا۔

عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میںپشاور زلمی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ پشاورزلمی نے 145 رنز کا ہدف دیاجس میں بابر اعظم نے 41 رنز بنائے۔ یاسر حمید اور عامر برکی نے بالترتیب 35 اور 24 رنز کا حصہ ڈالا۔

لیجنڈز الیون کی جانب سے شاہد آفریدی اور عبد الرحمن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حفیظ اور سعید اجمل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں لیجنڈز الیون 138 رنز تک محدود رہی۔ انضمام الحق نے 46 رنز بنائےاور اظہر محمود نے 34 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ ٹیم کو کامیابی تک نہ لے جا سکے۔

پشاور زلمی کے محمد عرفان اور بابر اعظم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان خان اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ لی۔

یہ میچ پشاور زلمی، ڈائریکٹریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبر پختونخوا اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا اور اس میں حاصل ہونے والی تمام آمدنی سیلاب سے متاثرہ افراد میں تقسیم کی جائے گی۔

Scroll to Top