غزہ: اسرائیلی فوج نے ایک اور فلسطینی صحافی کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا ہے۔
فلسطینی حکومتی میڈیا آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو خاتون صحافی اسلام محارب عابد اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئیں۔
اسلام محارب عابد القدس الیوم سیٹلائٹ چینل کے لیے کام کرتی تھیں اور فلسطینی میڈیا کی اہم آواز شمار کی جاتی تھیں۔
حکومتی میڈیا آفس نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی صحافیوں کو قتل کرنے اور نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی فیڈریشن آف جرنلسٹس، عرب جرنلسٹس یونین اور دنیا بھر کی صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں صحافیوں کے خلاف ان منظم جرائم کی مذمت کریں۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تعداد 278 تک پہنچ چکی ہے، جو صحافتی آزادی اور انسانی حقوق کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے سیلاب سے پختونخوا میں اشیاء کی قیمتوں میں 50% اضافہ کا خدشہ، طارق وحید
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل نے غزہ کے النصر اسپتال پر حملہ کیا تھا جس میں 5 صحافی شہید ہو گئے تھے، جبکہ اگست کے اوائل میں الجزیرہ کے صحافی انس الشریف اور ان کے کئی ساتھی اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
یہ واقعات عالمی برادری کے لیے ایک شدید تشویش کا باعث ہیں اور صحافیوں کی حفاظت کے حوالے سے اقدامات کی اشد ضرورت کو واضح کرتے ہیں۔





