پارلیمنٹ میں آواز دبائی گئی، باہر اپنی اسمبلی لگائیں گے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (پختون ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہرنے اعلان کیا ہے کہ پارٹی آج سے پارلیمنٹ کے باہر اپنی اسمبلی لگائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ میں نہ ہمیں بولنے دیا جا رہا ہے، نہ ہی جمہوری روایات کا احترام کیا جا رہا ہے۔

پیر کے روز پارلیمنٹ کے باہر دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اگر اسمبلی سے استعفوں کا حکم آیا تو وہ خود سمیت تمام ممبران استعفیٰ دے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن ایم این ایز کو سزائیں سنائی گئیں، ان کی نشستوں پر احتجاجاً حصہ نہیں لیا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی کی آواز کو پارلیمنٹ کے اندر دبایا گیا، ہمارے مائیک بند کیے گئے، بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، یہ جمہوریت نہیں بلکہ فسطائیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انتخابات میں مینڈیٹ چرانے کے باوجود مذاکرات کی بات کی، ہم نے ہر مشکل وقت میں ریاست کے ساتھ کھڑے ہو کر تعاون کیا خواہ وہ پاکستان-بھارت جنگ ہو یا سیلاب۔ لیکن اب بہت ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے، اسد قیصر

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو سرٹیفکیٹ جاری کر دیے، لیکن پی ٹی آئی کو تاحال نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بناوٹی پارلیمنٹ اور کمیٹیوں سے کوئی تعلق نہیں، اسی لیے کل سے پارلیمنٹ کے باہر اپنی اسمبلی لگانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی آج کے قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئی ہے، تاہم آئندہ اجلاس میں شرکت نہیں کی جائے گی۔

Scroll to Top