اسلام آباد (پختون ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ پارٹی کی تمام تنظیمیں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں اور پارٹی بانی سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ فنڈ ریزنگ کے لیے قوم سے رجوع کریں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سیلاب ایک قومی بحران ہے، اور ہم اپنی قوم سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس مشکل وقت میں اپنے بھائیوں کا ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں درخواست کریں گے کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے عوام سے فنڈ ریزنگ کی اپیل کریں۔
اسد قیصر نے کہا کہ سیلاب کا رُخ اب سندھ کی طرف ہے اور صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ (یو این) سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان کی اس مشکل گھڑی میں مدد کرے، جبکہ وفاقی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ عالمی کمیونٹی سے فوری رابطہ کرے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث زراعت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے، جس سے ملک کی معاشی صورتحال مزید ابتر ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد: راول ڈیم کے اسپل ویز آج صبح کھولے جائیں گے، انتظامیہ الرٹ
انہوں نے شکایت کی کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق سیلاب کے دوران بھی پی ٹی آئی کے ممبران کو زدوکوب کیا گیا اور اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ پی ٹی آئی کے امدادی کیمپس ہٹوا دیے گئے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ اس مشکل وقت میں بھی ہم اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی دباؤ یا انتقام سے گھبرانے والے نہیں۔





