وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغان باشندوں کو پاکستانی شہریت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر برطانیہ، امریکا اور بیلجیم جیسے ممالک افغان شہریوں کو شہریت دے سکتے ہیں، تو پاکستان کیوں نہیں؟
نجی ٹی وی چینل (سماء نیوز) سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کئی افغان باشندے پاکستان میں برسوں سے مقیم ہیں اور یہاں بڑے پیمانے پر کاروبار کر رہے ہیں۔ اگر انہیں شہریت دی جائے تو وہ پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لا سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا’’ہمیں ان افغان باشندوں کو قبول کرنے کا جرأت مندانہ فیصلہ لینا ہوگا۔ وہ پہلے ہی پاکستان میں کاروبار کر رہے ہیں، شہریت ملنے پر معاشی سرگرمیوں میں مزید وسعت آئے گی۔‘‘
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا’’اگر امریکا، برطانیہ اور بیلجیم جیسے ترقی یافتہ ممالک افغانوں کو شہریت دے سکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں؟ ہمیں بھی قومی مفاد میں عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔‘‘
اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ خیبرپختونخوا میں جاری سیلابی صورتحال کے باعث متاثرین کے درمیان موجود رہنا چاہتے ہیں، اسی لیے وہ پنجاب کا دورہ ملتوی کر رہے ہیں۔’’پنجاب کے لوگ ہمارے بھائی ہیں، اگر کوئی خدمت درکار ہو تو خیبرپختونخوا حکومت ہر ممکن تعاون کے لیے حاضر ہے۔‘‘





