سہ ملکی ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں آج پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں ایک بار پھر مد مقابل ہوں گی۔ سیریز کے پہلے مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا تھا، جس میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اب تک سیریز میں دو میں دو فتوحات حاصل کر کے چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ افغانستان نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کو شکست دے کر دو پوائنٹس حاصل کیے اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم اپنے دونوں میچز ہار کر سیریز سے باہر ہو چکی ہے۔
پاکستان نے سیریز میں اب تک شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ افغانستان کے خلاف پہلے میچ میں 39 رنز سے کامیابی حاصل کی، جب کہ دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دی۔ آج کے میچ میں پاکستان کو فائنل تک رسائی یقینی بنانے کا موقع حاصل ہے، جبکہ افغانستان کی ٹیم جیت کے ذریعے اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی خواہاں ہے۔
گزشتہ روز افغانستان اور یو اے ای کے درمیان ہونے والے میچ میں متعدد اہم ریکارڈز بھی بنے:یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا، اور اس فہرست میں روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا۔افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 165 وکٹیں حاصل کر کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے یو اے ای کے خلاف میچ میں 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایک سخت اور دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ دونوں ٹیمیں باصلاحیت کھلاڑیوں سے مزین ہیں، اور سیریز کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے یہ میچ فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔





