آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ، سرحد چیمبر آف کامرس کا سخت ردعمل

پشاور (پختون ڈیجیٹل) صدر سرحد چیمبر آف کامرس فضل مقیم اور پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی بندش سے صوبے کے عوام شدید متاثر ہوں گے، اور عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنا بھی دہشتگردی کے مترادف ہے۔

فضل مقیم نے کہا کہ صوبے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 روپے تک مہنگا ہو چکا ہے، اور یہ ایک صوبے کی عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے ایوانوں کو یہ پیغام جاننا چاہیے کہ وہ خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور نااہل حکمرانوں کو استعفی دے کر گھر جانا چاہیے۔

صدر سرحد چیمبر آف کامرس نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت فوری طور پر خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل پر لگائی گئی پابندی ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ راتوں رات گندم کی ترسیل بند کرنا ایک قسم کی دہشتگردی ہے جس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : روٹی کی قیمتوں میں بھاری اضافہ؟ نان بائی ایسوسی ایشن نے خبردار کر دیا

فضل مقیم نے سخت لہجے میں کہا کہ جن لوگوں نے یہ نوٹیفیکیشن جاری کیا، وہ منظم دہشتگرد ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف آٹا مہنگا ہوا بلکہ تندور والے اور پشاور کے عام شہری بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے آرمی چیف سے اپیل کی کہ ان نااہل عناصر کے قبلہ کو درست کیا جائے۔

Scroll to Top