تعلیمی بورڈ پشاور کا انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان

سلمان یوسفزئی

پشاور: تعلیمی بورڈ نے ایف اے اور ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا۔

بورڈ سے جاری تفصیلات کے مطابق بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر 62 ہزار 322 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 44 ہزار 902 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 72 فیصد رہا جبکہ 16 ہزار 837 طلباء و طالبات امتحان میں ناکام ہوئے۔

پری میڈیکل گروپ میں نجی کالج کی طالبہ علیشہ عروج نے 1145 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جب کہ اسی گروپ میں محمد حسن مغل نے 1139 نمبر لے کر دوسری اور جناح کالج کی مروا قیصر نے 1138 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پری انجینئرنگ گروپ میں جناح کالج کی طالبہ طوبی رؤوف نے 1117 نمبر حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، جب کہ اسی ادارے کی عاتکہ لیلی اور اسلامیہ کالج کے محمد حارث خان نے 1112 نمبر حاصل کر کے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تیسری پوزیشن جناح کالج کی ایمن طارق نے 1111 نمبر لے کر حاصل کی۔

کمپیوٹر سائنس گروپ میں پہلی تینوں پوزیشنیں طالبات نے حاصل کیں۔ نجی کالج کی سمیہ جہانزیب نے 1132 نمبر کے ساتھ پہلی، عفت قاضی نے 1100 نمبر کے ساتھ دوسری اور اریشہ عاصف نے 1099 نمبر حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آرٹس گروپ میں نجی کالج کے اکرام اللہ 1070 نمبر حاصل کر کے اول، محمد ہشام 1069 نمبر لے کر دوم، جبکہ حافظہ کائنات 1066 نمبر حاصل کر کے سوم پوزیشن پر رہیں۔

تعلیمی بورڈ کے مطابق نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں اور طلباء بذریعہ SMS بھی اپنا نتیجہ حاصل کر سکتے ہیں۔

Scroll to Top