اسلام آباد / طورخم (پختون ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لیے 105 ٹن امدادی سامان روانہ کر دیا۔
یاد رہے کہ 31 اگست 2025 کی رات افغانستان میں آنے والے ہولناک زلزلے کے نتیجے میں 1400 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے، جبکہ سینکڑوں مکانات زمین بوس ہو گئے تھے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ علاقوں کے لیے بھیجا گیا امدادی سامان راشن بیگز، خیموں، کمبل، چٹائیوں اور ادویات پر مشتمل ہے، جسے پانچ 40 فٹ کنٹینر والے ٹرکوں کے ذریعے طورخم بارڈر کے راستے افغانستان منتقل کیا گیا۔
سامان 3 ستمبر کو اسلام آباد میں این ڈی ایم اے کے ویئرہاؤس سے روانہ ہوا اور 4 ستمبر کو افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔
طورخم بارڈر پر امدادی سامان حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر امیر مقام مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : پختونخوا حکومت کا افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل فوری روکنے کا مطالبہ
اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل جلال آباد شفقت اللہ اور افغانستان کے قونصل جنرل پشاور حافظ محب اللہ شاکر بھی موجود تھے۔
تقریب میں این ڈی ایم اے کے افسران، افغان حکومت کے نمائندگان، اور پاکستان میں افغان سفارتخانے کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔
افغان حکام نے بروقت امداد پہنچانے پر حکومتِ پاکستان اور این ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی عکاس قرار دیا۔





