پی ٹی آئی کا واک آؤٹ، پارلیمنٹ کے باہر اسمبلی لگا لی

پی ٹی آئی کا واک آؤٹ، پارلیمنٹ کے باہر اسمبلی لگا لی

قومی اسمبلی میں سیلاب سے ہٹ کر دیگر امور پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان تحریکِ انصاف کے ارکانِ اسمبلی نے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا اور پارلیمنٹ کے باہر علامتی اسمبلی لگا کر احتجاج ریکارڈ کروایا۔

اجلاس کے دوران سپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ آج ایوان میں صرف حالیہ سیلاب اور افغانستان میں زلزلے کے متاثرین پر بات کی جائے گی۔

سپیکر کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی گیا تھا، کاش آپ لوگ بھی وہاں جاتے، این ڈی ایم اے جس طرح کام کر رہا ہے اگر آپ دیکھتے تو بہتر ہوتا، سپیکر نے کہا اگر اپوزیشن کے ارکان الگ سے جانا چاہتے ہیں تو این ڈی ایم اے سے بندوبست کروا دیتا ہوں۔

پی ٹی آئی ارکان نے سپیکر کی رولنگ پر احتجاج کیا اور اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آؤٹ کر دیا۔

دورانِ اجلاس کورم کی نشاندہی بھی کی گئی، گنتی کے بعد کورم مکمل پایا گیا اور اجلاس جاری رہا۔

وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سیاست برائے سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ موجودہ قومی بحرانوں پر توجہ دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اس وقت مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: محمود خان اچکزئی اور پی ٹی آئی میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، اہم سیاسی دراڑ سامنے آگئی

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا ایجنڈا صرف عدالتی فیصلوں کے بعد سامنے آتا ہے لیکن انہیں چاہیے کہ وہ عوامی مسائل پر بات کریں خاص طور پر ان سیلاب زدگان پر جن کے ووٹوں سے ہم اس ایوان میں پہنچے ہیں۔

Scroll to Top