حکومت اور فلور ملز کے درمیان ڈیڈلاک ختم، اب 10 اور 20 کلو تھیلے سرکاری قیمت پر دستیاب ہونگے

حکومت اور فلور ملز کے درمیان ڈیڈلاک ختم، اب 10 اور 20 کلو تھیلے سرکاری قیمت پر دستیاب ہونگے

پنجاب حکومت اور فلور ملز مالکان کے درمیان جاری ڈیڈلاک ختم ہو گیا ہے، جس کے بعد آج سے صوبے بھر میں آٹے کی سپلائی دوبارہ بحال کر دی گئی ہے۔ 10 اور 20 کلو کے آٹے کے تھیلے اب سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق فلور ملز مالکان نے مشروط طور پر آٹے کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ معاہدے کے تحت پنجاب کی 800 سے زائد فلور ملز آج سے دوبارہ کام شروع کر رہی ہیں اور آٹا سرکاری قیمت پر فراہم کیا جائے گا۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت فلور ملز کو ماہانہ ایک لاکھ ٹن گندم فراہم کرے گی۔ مزید برآں، ملٹی نیشنل کمپنیاں 25 لاکھ بوری گندم 3 ہزار روپے فی من کے حساب سے دینے پر راضی ہو گئی ہیں۔ ان کمپنیوں کے نمائندے آج ڈی جی فوڈ سے ملاقات کریں گے، جس میں گندم کی مقدار اور فراہمی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائے گی۔

معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت اور فلور ملز بحران کے مستقل حل کے لیے مشترکہ سفارشات تیار کر رہے ہیں۔ اُن کے مطابق، فلور ملز کا حکومت سے تعاون خوش آئند ہے اور ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی معمول پر آ جائے گی، جبکہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ حکومت قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

Scroll to Top