پشاور:خیبرپختونخوا میں جاری آٹے کے بحران کے بعد پشاور میں نان بائی بھی قیمتوں میں اضافہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
نانبائی ایسوسی ایشن ضلع پشاور کے صدر خائستہ گل اور چیئرمین رحیم صافی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں 150 گرام روٹی کی قیمت 20 روپے برقرار رکھنا ممکن نہیں کیونکہ آٹے کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور تمام نانبائیاں نقصان میں جا رہی ہیں۔
نان بائی ایسوسی ایشن نے ڈپٹی کمشنر پشاور سے ملاقات بھی کی، جہاں انہیں تین روز تک انتظار کی ہدایت دی گئی تاکہ صورتِ حال نارمل ہو سکے۔
تاہم صدر خائستہ گل نے واضح کیا کہ اگر نرخوں میں کمی نہ آئی تو 150 گرام روٹی کی قیمت مناسب ہوتی یہی ہوگی کہ اسے 30 روپے کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : کاٹلنگ میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی بڑی کارروائی، ملاوٹ مافیا بے نقاب
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت 20 روپے کی قیمت پر اصرار کرتی ہے، تو نانبائیاں 100 گرام روٹی بنانے پر مجبور ہوں گے، لیکن اس کے نتیجے میں معیار متاثر ہوگا۔
نانبائیوں کا کہنا ہے کہ قیمت میں مناسب اضافہ عوام کے لیے بھی ضروری ہے تاکہ معیار برقرار رہ سکے اور نانبائی نقصان سے بچ سکیں۔





