فٹنس پر خدشات بے بنیاد، سلمان علی آغا جلد میدان میں ہوں گے، پی سی بی

دبئی: ایشیا کپ 2025 کی تیاریوں میں مصروف پاکستان کرکٹ ٹیم نے بدھ کی شام دبئی میں واقع آئی سی سی اکیڈمی میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا، تاہم کپتان سلمان علی آغا گردن کے کھچاؤ (اسپاسم) کے باعث مکمل طور پر ٹریننگ میں حصہ نہ لے سکے۔

ذرائع کے مطابق سلمان علی آغا ٹیم کے ساتھ اکیڈمی تو پہنچے، مگر گردن پر بینڈیج باندھے دکھائی دیے۔ حرکت کے دوران ان کے چہرے پر تکلیف کے آثار نمایاں تھے۔

دیگر کھلاڑیوں نے وارم اپ، اسٹریچنگ اور فٹبال کھیل کر سیشن مکمل کیا، جبکہ کپتان نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مشقت سے گریز کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیا منیجر کا کہنا ہے کہ سلمان علی آغا کو گردن میں صرف معمولی اسپاسم ہے، اور ان کی فٹنس سے متعلق کوئی بڑا خدشہ نہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کپتان نے احتیاطاً پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا، تاہم جلد ہی وہ ٹیم کے ساتھ مکمل سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔

ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ کپتان سلمان علی آغا آئندہ میچز کے لیے مکمل فٹ اور دستیاب ہوں گے، اور ایشیا کپ کی تیاریوں میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Scroll to Top