لوئر مہمند: ضلعی انتظامیہ نے افغان مہاجرین کو وطن واپسی کے لیے باقاعدہ طور پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند اور تحصیلدار یکہ غنڈ فضل خالق کی ہدایت پر یہ نوٹس جاری کیے گئے، جنہیں بازاروں، گلی کوچوں اور اہم چوراہوں پر نمایاں مقامات پر چسپاں کیا گیا ہے۔
نوٹس میں افغان مہاجرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتِ پاکستان کی نگرانی میں مقررہ مدت کے اندر اندر اپنی وطن واپسی کو یقینی بنائیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مہلت کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : افغانی مہاجرین کا مسئلہ سیاست سے نہیں، انسانی بنیادوں پر حل ہونا چاہیے، طاہر خان
انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ یہ عمل پرامن، شفاف اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام حکومتِ پاکستان کی افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی کے تسلسل کا حصہ ہے، جس کا مقصد رجسٹریشن کے بغیر مقیم غیر ملکی شہریوں کی واپسی کو یقینی بنانا ہے۔





