راولپنڈی: عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سٹاف پائلٹ موہناد غالب محمد رادی الاسدی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، ایوی ایشن انڈسٹری کی ترقی اور تربیتی میدان میں تعاون کے مختلف مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فضائیہ نے عراقی وفد کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ائیر چیف نے پاکستان اور عراق کے گہرے مذہبی و تاریخی تعلقات اور فضائی افواج کے مضبوط روابط پر روشنی ڈالی، جبکہ تربیتی تعاون کا عزم بھی دہرایا۔
دونوں کمانڈروں نے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر اتفاق کیا تاکہ آپریشنل ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
عراقی کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ قیادت کو سراہتے ہوئے اپنے فضائیہ کے تربیتی نظام کی اصلاح کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے تجربہ کار پائلٹس سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں : میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی 60ویں برسی پر افواج پاکستان کا خراج عقیدت
وفد نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور دیگر اہم سہولیات کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی تکنیکی و آپریشنل صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔
یہ دورہ دونوں ممالک کی فوجی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کرتا ہے۔





