بیجنگ: صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن کے ائیرکرافٹ کمپلیکس کا دورہ کیا جہاں انہیں مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے استقبال کیا گیا۔ یہ دورہ بھارت سے جنگ بندی کے 128 ویں دن کیا گیا۔
کمپلیکس میں جے 10 سی طیارے تیار کیے جاتے ہیں، جنہوں نے حالیہ معرکۂ حق میں کلیدی کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے کمپلیکس کے انجینئرز اور سائنسدانوں سے ملاقات کی اور جے 10، جے ایف 17، جے 20 اسٹیلتھ فائٹرز، ڈرونز، خودکار یونٹس اور ملٹی ڈومین آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جے 10 اور جے ایف 17 نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کو مضبوط کیا ہے اور مئی 2025 کے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ان طیاروں کی کارکردگی شاندار رہی۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں ملٹری آپریشن کامیاب، 4 مزید گاوں کلیئر کر دیے گئے
صدر مملکت نے چین کی ایوی ایشن ٹیکنالوجی اور پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاعی پیداوار اور ہوا بازی میں چین کے ساتھ تعاون بڑھانے کا عزم رکھتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صدر زرداری پہلے غیرملکی سربراہ ہیں جنہوں نے اس کمپلیکس کا دورہ کیا۔ صدر کے ہمراہ بلاول بھٹو، خاتون اول آصفہ بھٹو اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔





